گوادر، دور افتادہ علاقوں کے متعدد گھرانوں کو صاف پانی کی دستیابی کیلئے واٹر ویلز کی فراہمی
گوادر (انتخاب نیوز) گوادرکے نواحی دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے لیے متعدد گھرانوں کو واٹر ویلز کی فراہمی بلوچستان کے دور افتادہ اورپسماندہ علاقوں میں زندگی کی بنیادی ضروریات بشمول پینے کے صاف پانی کے مخدوش حالات کے پیش نظر معیاری بنیادی ضروریات زندگی کی بروقت فراہمی اور عوام تک انکی بہتر رسائی کو یقینی بنانے کے لئے فوج پرعزم اور ہمہ وقت کوشاں ہے۔ سماجی بہبود کی تنظیم "طیبہ” کے تعاون سے گوادر کے نواحی دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے لیے متعدد گھرانوں کو واٹر ویلز کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ واٹر وہیل ایک خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا پلاسٹک واٹر کین ہے جو 40 لیٹر صاف پانی کو محفوظ طریقے سے لے جانے کے لیے اعلیٰ معیار کے "یووی اسٹیبلائزڈ پولیتھین”پلاسٹک سے تیار کیا گیا ہے، پہیے کی طرح رولنگ سطح ہونے کے سبب واٹر وہیل کو باآسانی 40 لیٹر صاف پانی کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ واٹر وہیل کی موٹی تہہ اسے نوکیلے پتھروں، شیشے اور خاردار تاروں سے نقصان پہنچنے سے روکتی ہے۔ تاہم پانی سے بھرے ہوئے واٹر وہیل کو ڈھلان پر چٹانوں اور درختوں میں گرنے یا لڑھکنے سے محفوظ رکھنا چاہئے کیونکہ اس طرح اس میں شگاف پڑسکتا ہے اور واٹر وہیل ناقابل استعمال ہو سکتا ہے۔ سینکڑوں گھرانوں کو واٹر ویلز کی فراہمی نہ صرف ان کم مراعات یافتہ علاقوں میں رہنے والے خاندانوں خصوصاً خواتین کو صاف پانی کی منتقلی میں راحت و آسانی پہنچائے گی بلکہ یقینا ان لوگوں کے کندھوں سے بوجھ کو ہٹانے کی ایک منفرد کوشش بھی ہے، جن کے لیے پینے کے صاف پانی کا حصول ہی ایک جدوجہد سے کم نہیں۔ واٹر ویلز پسماندہ خاندانوں کی زندگیوں میں نمایاں مثبت فرق لانے کی مخلصانہ کوشش اور پانی کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والے روایتی مٹی کے بھاری گھڑوں، عام جیری کین اور پلاسٹک کے ڈبوں کا بہترین اور مثر متبادل ہیں جو حقیقتا گھروں میں پینے، کھانا پکانے اور حفظان صحت کے لیے محفوظ پانی کی کمی سے نمٹنے میں بہت معاون ثابت ہورہے ہیں۔ اہالیانِ علاقہ کے لئے اس فلاحی کام کی معاونت فوج کی ایک بے مثال کاوش ہے۔


