روس کی یوکرائن پر میزائل حملے اور گولہ بارزی، ملک بھر میں بلیک آؤٹ
کیف(صباح نیوز) روس نے یوکرینی شہر کریوی ریہہ پر ستر میزائل برسائے۔ توانائی کی نو تنصیبات تباہ کر دیئے۔یوکرینی حکام کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد یہ بڑے حملوں میں سے ایک ہے۔ روسی حملوں نے حکومت کو ملک بھر میں ہنگامی بلیک آٹ کے نفاذ پر مجبور کر دیا۔ کھیرس اور مشرقی یوکرین میں بھی گولہ باری کی گئی جس سے توانائی کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ یوکرین کا دوسرا سب سے بڑا شمال مشرقی شہر خارکیف بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ گھروں میں لائٹ ہے، نہ ہیٹنگ،پانی بھی بند ہے۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کہتے ہیں روس کے پاس بڑے حملوں کے لئے بہت زیادہ میزائل ہیں۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے یوکرین پر روسی بمباری کے بعد کریملن کی اندھی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرائم کا تسلسل قرار دیا۔ایک حالیہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ان وحشیانہ اور غیر انسانی حملوں کا مقصد انسانی مصائب کو بڑھانا اور یوکرین کی شہری آبادی، ہسپتالوں، ہنگامی خدمات اور دیگر ضروری خدمات کو بجلی اور گیس سے بھی محروم کرنا ہے۔جوزپ بوریل نے مزید کہا کہ یورپی یونین اور اس کے شراکت دار ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہے ہیں جس کی یوکرینی باشندوں کو بجلی اور حرارتی نظام کی بحالی کے لیے ضرورت ہے۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے انٹرویو میں کہا کہ روس یوکرین میں ایک طویل جنگ کی تیاری کر رہا ہے۔ اس کے بعد نیٹو کے اتحادیوں کو اس وقت تک ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھنی چاہیے جب تک صدر ولادیمیر پوتین کو یہ احساس نہیں ہو جاتا کہ وہ جنگ جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔


