اعتماد کیلئے ووٹنگ آج نہیں ہوگی، گورنر پنجاب کسی بھی مہم جوئی سے باز رہیں، فواد چودھری
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر ’مہم جوئی‘ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹنگ نہیں ہوگی جبکہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے گورنر راج لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ نے آج اعتماد کا ووٹ نہیں لیا تو وہ عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج اعتماد کے لیے ووٹنگ نہیں ہوگی اور اس حوالے سے اسپیکر نے اپنی رولنگ دے دی ہے۔ گورنر کو کسی بھی غیرآئینی اقدام سے باز رہنا چاہیے، اسپیکر کی رولنگ آچکی ہے، آج عدم اعتماد پرووٹنگ نہیں ہوسکتی اور آئینی پزیشن بھی یہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کسی مہم جوئی سے باز رہیں اور باقی کام آئین کے مطابق ہوگا، عدم اعتماد ناکام ہوگی، جمعے کو عمل شروع ہوگا اور اگلے ہفتے عمل مکمل ہوجائے گا۔


