حق دو تحریک کا دھرنا 57ویں روز بھی جاری، گوادر پورٹ جانیوالے تمام راستے بند، پولیس کی بھاری نفری تعینات
گوادر (بیورو رپورٹ) حق دو تحریک کا دھرنا 57 ویں دن بھی جاری۔ حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، حسین واڈیلہ کی قیادت میں ریلی، دھرنا دیمی زر ایکسپریس وے منتقل، مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کیلئے ایکسپریس وے پر دھرنا جاری رہے گا، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا اعلان۔ دھرنا کے باعث گوادر پورٹ پر جانیوالے تمام راستے بند۔ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق دو تحریک عوامی مسائل پر مطالبات گزشتہ 57 دنوں سے جاری دھرنے پر ہے لیکن خوابِ غفلت اور نشہ کی حالت میں سوئے ہوئے نااہل حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے پر جاری دھرنا غیر معینہ مدت کیلئے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا گوادر پورٹ کے آپریشنل نظام کو بند کرکے چائینیز سمیت کسی کو بھی کہیں گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہمارے مطالبات عوامی مسائل پر ہیں۔ دھرنا کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔


