پی ایس ایل کا میچ نواب اکبر بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں5 فروری کو کھیلا جائے گا

کوئٹہ(انتخاب نیوز ) پی ایس ایل کے تحت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ 5 فروری 2023 کو کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پی ایس ایل کے تحت کوئٹہ میں کرکٹ میچ کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقدہ ہوا ، جس میں وزیراعلیٰ بلو چستان کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی ،سیکریٹری کھیل ،کمشنر کوئٹہ ،ڈی آئی جی کوئٹہ اور صوبائی اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ایوب سپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ کرکٹ گراؤنڈ کی ضروری مرمت اور سہولیات کی فراہمی کے کام کا جلد آغاز اورکھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو زمہ داریاں تفویض اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کے لئے مرکزی رابطہ دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ بلو چستان کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور بلوچستان کے عوام کرکٹ لوور ہیںبلوچستان کو بین القوامی میچوں اور پی ایس ایل کے مقابلوں کے انعقاد میں نظر انداز کیا جا تا رہاہے کوئٹہ کو میچ دینے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ کھیلوں کا فروغ اور صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کھیل اور کھلا ڑیوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیںپی ایس ایل کے میچ کے انعقاد سے بلوچستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد کے دروازے کھل جائیں گے۔عمران گچکی نے کہا کہ صوبائی محکمہ کھیل نے رواں سال فٹ بال ہاکی بیڈمنٹن ٹیبل ٹینس اور دیگر کھیلوں کے قومی مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیاہے۔