بلوچستان کی ریاستوں کی پاکستان میں شمولیت جناح کی دیرینہ خواہش تھی، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج وطن عزیز کو جن چیلنجوں کا سامناہے ان سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھیں اور ان کے زریں اصولوں کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہوں،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ جناح کے زریں اصول اتحاد، تنظیم اوریقین محکم پاکستان کو ایک مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، ان اصولوں پر عملدرآمد کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، جناح کے تصور کے مطابق پاکستان میں رواداری، روشن خیالی اور جمہوریت کو فروغ دے کر ہی ہم ا نہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا حق ادا کرسکتے ہیں، نہوں نے کہا کہ پاکستان کے روایتی دشمن نے ہمارے وطن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں، تاہم پوری قوم اتحاد واتفاق کے ذریعہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بیش بہا قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انہوں نے کہا کہ جناح کو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے خصوصی محبت تھی، قیام پاکستان کے بعد بلوچستان کی ریاستوں کی پاکستان میں شمولیت ان کی دیرینہ خواہش تھی جس کے لئے وہ خود بلوچستان تشریف لائے اور یہاں کے اکابرین سے کامیاب ملاقاتیں کیں جن کے نتیجے میں یہ ریاستیں اپنی مرضی اورخواہش کے مطابق پاکستان کا مضبوط حصہ بن گئیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت میں گزارے جو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے ان کی انسیت کا مظہر ہے، وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور جناح کے تصور کے مطابق ایک مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔


