بلو چستان کابینہ اجلاس، گوادر کی صورتحال پر قابو پاکر بند راستے کھول دیے گئے، امن و امان پر سمجھوتہ نہ کرنیکا فیصلہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلو چستان کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے دوران ان سے مالی مسائل پر بات چیت کر نے اور صوبے میں کسی کو امن و امان کی صورتحال خراب کر نے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ۔ منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی امور سے متعلق 65 ایجنڈہ نکات زیر غورآئے۔ اجلاس میں گوادر میں مشتعل ہجوم کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔کابینہ نے گوادر میں حق دو تحریک کے مشتعل ہجوم کی ہنگامہ آرائی پولیس پر حملوں اور امن امان کی صورتحال پیدا کرنے کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ امن امان پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جائے گی حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی لیکن کوئی دباؤ قابل قبول نہیں ہے۔ وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ گوادر میں صورتحال پر قابو پاکر بند راستے کھول دئے گئے ہیں۔اجلاس میں صوبائی کابینہ نے وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت شیئر کے حصول کے معاملے کا بھی جائزہ لیا،کابینہ نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت صوبے کی مالی مشکلات کے حل میں اپنا کردار ادا کریگی۔۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے دوران ان سے صوبے کے مالی مسائل پر بات کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ نے ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت اسمبلی سے پاس قرار داد کے تحت زرعی ٹیکس کی معافی اور دو لاکھ ٹن یوریا درآمد کے حوالے سے یوریا کی تقسیم اور زخیرہ کرنے کے پلان کی کمیٹی کے منٹس کی منظوری دے دی۔


