بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، انہوں نے صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرت سے نبھائے، بینظیر بھٹو سیاست میں تدبر، بہادری اور جدوجہد کی روشن مثال ہیں، وہ آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لئے برسرپیکار رہیں۔منگل کو بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے نظیر بھٹو خواتین سیاسی کارکنوں کے لئے ایک تحریک کا درجہ رکھتی تھیں جنہوں نے ہمیشہ آمریت کو للکارا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذاتی زندگی میں بھی بہت دکھ سہے لیکن مشکلات ان کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید طاقتور اور توانا بناتی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں