اسحاق ڈار کے قدم رکھنے سے معیشت کہاں سے کہاں چلی گئی، عمران اسماعیل
کراچی (انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے قدم رکھنے سے معیشت کہاں سے کہاں چلی گئی۔سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اراکین و رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کو معیشت کا جادوگر سمجھا جاتا تھا، آج معاشی حالات یہ ہیں کہ کنٹینرز پورٹ پر کھڑے ہیں۔ تمام اقدامات ایم کیو ایم کو خوش کرنے کے لئے کئے جارہے ہیں، یہ ایک ایڈمنسٹریٹر سے کراچی کو چلانا چاہتے ہیں۔ماضی میں یہی لوگ کہتے تھے اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن کرائیں، اس وقت کراچی کو بااختیار میئر کی ضرورت ہے، کراچی کے انتخابات ملتوی کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، خدشہ ہے کراچی کے انتخابات بھی نہیں ہوں گے۔ اسلام آباد کے انتخابات بہانے سے ملتوی کرائے گئے، ہمیں امید ہے کورٹس سے انصاف ملے گا، عدالتیں یہ بتائیں کیا ہمیں اختیار نہیں ہے کہ ہم اسمبلی کو توڑیں۔ بلاول نے 17 بیرون ملک کے دورے کیے ہیں، بلاول کے والد جھوٹے وصیت نامے پر پارٹی پر قبضے کرکے بیٹھے ہیں۔


