وزیرستان: غیر ت کے نام پر دو کم سن لڑکیوں کے قتل میں ملوث 6ملزمان گرفتار

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی پولیس نے لیک ہونے والی ایک ویڈیو کے باعث غیرت کے نام پر دو کم سن لڑکیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے جڑے تمام 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مرکزی ملزم محمد اسلم لڑکیوں کا چچازاد بھائی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقامی نوجوان کے ساتھ لڑکیوں کی ویڈیو سامنے آنے پر انہیں قتل کیا جب کہ ویڈیو بنانے اور پھیلانے والے ملزم پہلے گرفتار ہو چکے ہیں۔ پولیس نے اس سے قبل بھی دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں ایک لڑکی کا بھائی امین خان اور دوسرا ملزم دوسری لڑکی کا والد رسول خان ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق شام پلین کے علاقے میں 18 اور 16 سالہ لڑکیوں کو ان کے چچا زاد بھائی نے فائرنگ کر کے مبینہ طور پر’غیرت کے نام‘پر قتل کیا۔پولیس نے وڈیو میں لڑکیوں کے ساتھ غیراخلاقی حرکات کرنے والے ملزم عمر ایاز ولد خان محمد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والے دیگر ملزمان میں فدا محمد ولد جہانگیر،رادول خان ولد جمدادخان اور روح الدین ولد شاہ عالم شامل ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان کیعلاقہ گڑیوم میں غیرت کے نام پر دو چچا زاد بہنوں کو قتل کردیا گیا تھا۔ لڑکیوں کو ایک نوجوان کے ساتھ ویڈیو بنانے کے الزام میں چچا زاد بھائی نے قتل کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا اور وہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی وجہ سے شمالی وزیرستان کے علاقے شام پلین گڑیوم منتقل ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں