جیکب آباد، معمر میاں بیوی کی لاشیں برآمد، دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص قتل

جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد میں مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جیکب آباد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ضعیف العمر میاں بیوی قتل۔ باہو کھوسہ کے گاؤں فیض محمد کھوسہ میں ضعیف العمر میاں بیوی خورشید خاتون اور شاہ ڈنو کھوسو کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئیں، حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لیکر ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی کی گولیاں لگی لاشیں ملی ہیں قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ جیکب آباد پولیس کے ایس ایس پی سمیر نور چنا کے مطابق صدر تھانہ کی حدود واٹر سپلائی کے قریب واردات کے ارادے سے کھڑے ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ٹھل کے رہائشی ایک ملزم اربیلو سرکی کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، مقابلے کے دوران 5 مفرور ملزمان فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، زخمی ملزم کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جیکب آباد پولیس کا موٹر سائیکل چھننے والے گینگ کے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ۔ جیکب آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر تھانہ کی پولیس نے موٹر سائیکل چھننے والے گینگ کے دو مرکزی ملزمان خانو لغاری اور مراد علی کھوسو کو گرفتار کرلیا گیا ہے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی 6 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، گرفتار ملزمان کے خلاف صدر تھانہ پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں اصل مالکان راکیش کمار، زبیر احمد، جگدیش، سلیمان عمرانی، آیوش کمار اورارشد بروہی کے حوالے کردی گئیں۔ جیکب آباد میں مسلح افراد نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، موٹر سائیکل لیکر فرار، ورثہ کا شاہراہ پر لاش رکھ کر احتجاج۔ جیکب آبادکے مولا دادتھانہ کی حدود بائی پاس پر رینجرس کے چوکی کے قریب تین کلاشنکوف بردار مسلح افرادنے دوداپور کے رہائشی شاہن لوہر سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شاہن لہر کو قتل کردیا اور موٹر سائیکل لیکر فرار ہو گئے، واقع کے بعد مقتول کے ورثاء نے شاہراہ پر لاش رکھ کر سخت احتجاج کیا اور روڈ بلاک کرکے پولیس کے خلاف سخت نعریبازی کی، دو گھنٹے دھرنے کی وجہ سے شاہراہ پر روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کو تحفظ دینے میں ناکام گئی ہے ضلع ڈاکوؤں کے حوالے کر دیا گیا ہے قانون کی رٹ ختم ہوگئی ہے مسلح افراد دن دہاڑے شہریوں کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں اور پولیس ہاتھ پرہاتھ دہرے بیٹھی ہے انہوں نے قاتلوں کی فی الفورگرفتاری کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں