قومی اسمبلی میں واپسی سے متعلق اسپیکر کی پیشکش عمران خان نے مسترد کر دی

لاہور (انتخاب نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کی پیشکش مسترد کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے تحریک انصاف کے وفد کی استعفوں کی منظوری کے معاملے پر ملاقا ت کے بعد سابق اسپیکر اسد قیصر نے پارٹی سربراہ عمران خان کو ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ واپسی کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کا ٹولا ناکام ہوچکا۔ ایوان کی کوئی حیثیت نہیں۔ 8 ماہ میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کو دیوالیہ اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے آئی ہے۔کرپٹ چوروں کا مقصد اپنے خزانوں میں اضافہ کرنا اور کیسز ختم کروانا ہے۔دوسری جانب میڈیارپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران راجہ پرویز اشرف نے ا ستعفے نہ دینے والے اراکین اور خفیہ رابطوں سے گفتگو کرنے والے پی ٹی آئی ارکان سے متعلق معاملہ وفد کے سامنے رکھ دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی کی جانب سے حاضری کی بنیاد پر تنخواہ لینے کا بھی دعویٰ کیا۔ راجہ پرویز اشرف کے انکشافات کے بعد پی ٹی آئی وفد ایک دوسرے کو دیکھنے لگا۔ اسد قیصر نے اس حوالے سے کہا کہ ہم اس بارے میں عمران خان سے بات کرکے آپ کو بتائیں گے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی ممبران کی استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے ارکان کو قومی اسمبلی میں آنے کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں