ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ، چمن میں گندم کا سرکاری گودام سیل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ، شہریوں کیلئے روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا۔ کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 100 روپے مزید مہنگا ہوکر 2500 سے 2600 روپے ہوگیا۔ رواں ہفتے میں آٹے کے 20 کلوتھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا۔ پشاور میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 300 روپے کا اضافہ ہوا اور فائن آٹا 2600 سے 2700 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ کراچی میں ایک کلو آٹے کی قیمت 130 روپے کلو ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں آٹا 65 روپے فی کلو فراہم کیا جارہا ہے اور روزانہ سوا لاکھ خاندانوں کو یہ آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں چمن میں بھی آٹا کی قلت پر قابو نہیں پایاجاسکا، سرکاری گندم اور آٹا غائب ہونے کاسلسلہ جاری ہے، حکومتی سطح پر تاحال عوام کو سبسڈی دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ چمن میں گندم کے گودام پر قبضہ جبکہ دوسرے کو سیل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عبدالباسط بزدار نے دالبندین شہر میں نجی آٹا سیلرز کی دکانوں میں موجود آٹے کے اسٹاک کا معائنہ کرکے قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عبدالباسط بزدار نے دکانداروں اور ڈیلرز کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ پر آٹا فروخت کریں۔


