قلات میں پارہ منی 7 تک گر گیا، شدید سردی میں گیس غائب، لوگ گھروں میں محصور

قلات (انتخاب نیوز) قلات شدید سردی کی لپیٹ میں، پارہ منفی سات تک گر گیا، پانی ٹینکیوں اور نلکوں کی لائنوں میں جم گیا۔ شدید سردی سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، لوگ گھروں میں محصور جبکہ گیس کا نام و نشان تک نہیں، بجلی کی بار بار ٹرپنگ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی، متبادل انتظامات نہیں، سوختی لکڑی و ایل پی جی گیس بھی مہنگائی کے باعث عوام کی دسترس سے باہر ہوگئے، پوچھنے والا کوئی نہیں، منتخب عوامی نمائندے حلقے سے غائب ہیں جبکہ انہیں آسائشیں میسر ہیں تو عوام ذلیل و خوار اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، عدالت عالیہ کی جانب سے گیس بحالی کے احکامات پر گیس حکام کی عملدرآمد نہ کرنا سوالیہ نشان ہے، گیس حکام کے خلاف فوری کارروائی کرکے گیس بحالی یقینی بنائی جائے تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرد ترین علاقے قلات اور منگچر میں خون جمادینے والی سردی کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے محکمہ موسمیات قلات کے مطابق مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔عوامی حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وفاقی محتسب اعلی و دیگر ذمہ داران سے گیس بندش و بجلی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں