شمالی بلوچستان میں سردی سے معمولات متاثر، گیس پریشر میں کمی، بجلی بندش سے لوگوں کو مشکلات
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی وجہ سے عوام کی مشکلات روز بروز بڑھتی جارہی ہے، گیس پریشر میں کمی کے باعث خواتین کو امور خانہ داری اور بزرگوں سمیت ضعیف العمر شہریوں، بچوں کو سردی سے بچنے کے لئے ایل پی جی گیس اور سوختنی لکڑی کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے گزشتہ چند روز سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ اور کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں درجہ منفی 6 سینٹی گریڈ کیا گیا ہے۔ شدید سردی کے باعث لوگوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے شہریوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔


