کراچی اور حیدرآباد کی از سرنو حلقہ بندیاں کی جائیں، بصورت دیگر سڑکوں پر آجائیں گے، خالد مقبول صدیقی

کراچی (انتخاب نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 15 جنوری سے پہلے کراچی اور حیدرآ بادکی از سرنو حلقہ بندیاں کی جائیں، حلقہ بندیاں درست نہ ہوئیں تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے غیر سنجیدہ رویے اور حلقہ بندیوں کیخلاف احتجاج کیا جائیگا اور وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے سمیت سخت مؤقف اختیار کیا جائیگا۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم وعدے پورے کریں، تحفظات دور کریں، ورنہ احتجاج پر مجبور ہوں گے، وزیراعظم ایک دو دن میں بتادیں جو وعدے کیے تھے وہ پورے ہوں گے یانہیں، بتائیں ہمارے وعدوں کا کیا بنا۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے اس صورت حال میں فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت کے ساتھ رہ کر الیکشن لڑیں گے یا باہر رہ کر، اب صبرکرنا مشکل ہوتا جارہا ہے، پیپلز پارٹی سے معاہدے میں ہمارا نکتہ ہی یہ تھاکہ موجودہ بلدیاتی حلقہ بندیاں درست نہیں، ان سے پری پول رگنگ واضح ہے، 15جنوری سے پہلے کراچی اور حیدرآ بادکی از سرنو حلقہ بندیاں کی جائیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یقین سے کہاتھا کہ ہمارے مطالبات 100 فیصد جائز ہیں، حلقہ بندیاں درست نہ ہوئیں تو سڑکوں پر احتجاج کے لیے مجبور ہوں گے، ہم بلدیاتی انتخابات شفاف اور دباؤ کے بغیر چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ 15جنوری کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات ہوں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حلقہ بندیاں آئین وقانون کیخلاف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں