امید ہے عالمی برادری جنیوا کانفرنس میں پاکستان کی مدد کرے گی، ممتاز زہرا بلوچ

اسلام آباد(انتخاب نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ امید ہے عالمی برادری جنیوا کانفرنس میں پاکستان کی مدد کرے گی،بھارت دوسروں پرانگلی اٹھانے کے بجائے ریاستی دہشت گردی ترک کرے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے 9 جنوری کو جنیوا میں عالمی کانفرنس ہوگی جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کریں گے، اس موقع پر امید ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی مدد کرے گی۔ترجمان نے کہا کہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی اور پاکستان میں سیلاب کی صورت حال پر بحث ہوگی جبکہ عالمی رہنما اور معاشی ادارے و این جی اوز کے نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے، امریکا کے ساتھ معاشی معاملات سمیت اہم امور پر بات چیت جاری رہتی ہے، معاشی معاملات پر دوست ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے رابطوں میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ہفتے 4 معصوم کشمیریوں کا بہیمانہ قتل کیا گیا، جبکہ 2022کے دوران214 کشمیریوں کوشہید کیا، 70 سے زائد کشمیریوں کودوران حراست شہید کیا کیا۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ترجمان نے مزید کہا کہ آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کڑی ہے جبکہ پاکستان اقوام متحدہ کا ذمے دار ملک اور آزاد افغانستان کا حامی ہے جو ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں