بی ایم سی ہسپتال کے ہاسٹل میں گیس دھماکہ، ڈاکٹر زخمی

کوئٹہ (انتخاب نیوز)بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے ہاسٹل میں گیس دھماکے سے ریزیڈنٹ پیڈز میڈیسن ڈاکٹر عرفان اللہ بیٹنی زخمی ہوگئے جنہیں وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایت پر سرکاری خرچ پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی آغا خان ہسپتال منتقل کرنے کے احکامات دے دیئے۔ گزشتہ روز بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے ہاسٹل میں گیس دھماکے سے ڈاکٹر عرفان اللہ بٹنی کا جسم تقریبا 70 فیصد جل چکا ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے وائس چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ اور سابقہ چیئرمین ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے اس سلسلے میں سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی بلوچستان عمران تاج گچکی سے رابطہ کیا اور ان کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عرفان اللہ بٹنی کی ایئر ایمبولینس کے ذریعے سرکاری اخراجات پر آغاخان ہسپتال کراچی منتقلی کے حوالے سے بات چیت کی جس پر وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے معاملے میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے فوری طور پر ایئر ایمبولینس کا انتظام سمیت سرکاری اخراجات پر کراچی منتقلی کیلئے احکامات جاری کئے، جس پر ہم وزیر اعلی بلوچستان اور ان کے پرنسپل سیکرٹری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، برن آئی سی یو کے انچارج اور برن آئی سی یو کے دیگر ماہرین کی مشاورت کے بعد فی الحال یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک ڈاکٹر عرفان اللہ بٹنی کو برن آئی سی یو سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ میں علاج فراہم کیا جائے گا، اس کے بعد ان کی طبی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے کراچی منتقلی کا فیصلہ ان کے خاندان کے ساتھ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا، ہم وزیر اعلی بلوچستان، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری صحت، ایم ایس سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ، تمام ڈاکٹر، میڈیا کے دوستوں اور محکمہ صحت کے افراد کے تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ ڈاکٹر عرفان اللہ بٹنی کی اللہ تعالی سے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں