اس دو قومی صوبے میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کو بدترین بیروزگاری،غربت، بھوک و افلاس اور مسافرانہ زندگی کا سامنا ہے،پشتونخوامیپ
زیارت(انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ وطن دوست،عوام دوست،سیاسی جمہوری جدوجہد اور اس راہ کی سیاست مقدس راستہ ہے جو محکوم اور مظلوم اقوام و عوام کو ترقی و خوشحالی کی منزل پر پہنچادیتی ہے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے پشتون غیور ملت کو درپیش سنگین صورتحال کااحساس کرتے ہوئے جاری جدوجہد میں مزید تیزی پیدا کرنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا، صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد زمان کاکڑ، دپٹی سیکرٹری خلیل خان ترین اور پارٹی رہنما صالح دوتانی نے پارٹی کے ضلع زیارت کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیاجبکہ تنظیمی امور کے متعلق مختلف فیصلے کیے گئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو 75 سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن ملک کے اندر پشتونخوا وطن کی انتظامی تقسیم فرنگی طرز پر اب تک برقرار رکھا گیا ہے۔اسلام کے نام پر بننے والے ملک کے حکمران اب بھی پشتون غیور عوام کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک کررہے ہیں پشتونخوا وطن سمیت ملک کے ہر علاقے میں پشتون عوام کا سر ومال محفوظ نہیں بلکہ اب تک پشتونوں کی نسل کشی جاری ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں پشتونخوا وطن کے غیور عوام کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے اس دو قومی صوبے میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کو بدترین بیروزگاری،غربت، بھوک و افلاس اور مسافرانہ زندگی کا سامنا ہے اور صوبے کے حکمرانوں نے جنوبی پشتونخوا کو ہر شعبہ زندگی میں نظر انداز کر رکھا ہے لہذا ان حالات میں پارٹی کارکنوں نے جدوجہد کو مزید تیز کرنے اور منظم ہونے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور اپنے عوام کو اس سنگین صورتحال سے نجات دلانے کے لئے مسلسل قربانیوں اور جدوجہد کے بغیر کوئی راستہ نہیں۔


