ایرانی میزائل اور ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق، 63 افراد زخمی ہوئے، ترجمان وزارت صحت کویت
کویت سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) کویت کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بدھ کی علی الصبح ایران کی جانب سے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیے گئے میزائل و ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق، کم از کم 63 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایئرپورٹ کا عملہ اور مسافر بھی شامل ہیں۔ کویتی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست کویت کے خلاف ایرانی جارحیت کے فوری بعد ایک جامع اور ہنگامی حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 63 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ سات ہنگامی اور سیریس سرجریز سرانجام دی گئی ہیں۔ کویت کی وزارت خارجہ کے مطابق حملے میں ایک شخص ہلاک بھی ہوا تھا۔ وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی حملے کے نتیجے میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹرمینل 1 کی عمارت اور کئی دیگر سفارتی مقامات کو نقصان پہنچا۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ امریکہ کویت کی سرزمین کو اس کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کر رہا ہے اور وہ اس کے لیے کویت کی قیادت کو ذمہ دار سمجھتے ہیں اور وہاں موجود امریکی اڈے ایران کے جائز اہداف ہیں۔


