ہرنائی میں کوئلہ کان مالکان سے بھتہ گیری کا خاتمہ کیا جائے، نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی بیان میں ضلع ہرنائی کے خوست میں گزشتہ روز سرشام کول مائینز اور اس کی مشینری کو جلانے کے تخریبی اقدام اور عوامی آبادی کے اندر فورسز کے مورچوں سے بھاری اسلحے سے رات بھر گولہ باری کرکے خوف و ہراس اور پھیلانے کے غیر آئینی و غیر قانونی اور غیر انسانی عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ضلع ھرنائی میں جاری تخریبی، بھتہ گیری، چوری، ڈکیتی کی وارداتوں کی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور ان کیخلاف قانونی کارروائی کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خوست میں آرمی کیمپ اور مورچوں سے متصل کول مائینز کو جلاکر مائینز اونرز کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا گیا اور اس واقعہ کے دوران خوست میں موبائل نیٹ ورک کو بند کرکے یہ تخریبی کاروائی کی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع ہرنائی خوست میں تمام عوامی آبادی اور کول مائینز ایریا پر فورسز کا کنٹرول ہے اور عوامی آبادی، کول مائینز ایریا اور روڈز پر درجنوں چیک پوسٹیں اور مورچے قائم ہے لیکن اس کے باوجود کول مائینز پر ماہانہ کروڑوں روپے کی بھتہ گیری سرعام لی جارہی ہے اور اب گاڑیوں کی چوری اور روڈز پر ڈکیتی کی وارداتیں شروع ہوچکی ہیں لیکن اج تک کوئی بھی گرفتار نہیں ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع کے تمام عوام کی رائے اور خدشات یہ ہے کہ ہر ماہ کروڑوں روپے کی بھتہ گیری، تخریب کاری اور بدامنی، سیکورٹی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کی سرپرستی اور پشت پناہی کے بغیر کیسے ممکن ہے؟ کیونکہ ضلع میں سول انتظامیہ،لیویز،پولیس مکمل مفلوج ہے اور حکومت کی رٹ و اتھارٹی کا وجود نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کی اس غیرآئینی و غیرقانونی اور عوام دشمن پالیسی سے تمام عوام اور سیاسی پارٹیوں میں سخت غم و غصہ اور تشویش پیدا ہوا ہے اور عوام دشمن پالیسی کو ترک کرنا اور تخریب کاری، بھتہ گیری اور ڈکیتیوں پر قابو پاکر امن و امان کو یقینی حکومت اور تمام اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ بیان میں ضلع ہرنائی اور کول مائینز سے متعلق صوبائی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پر فوری عمل درآمد کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے اگر موجودہ اذیت ناک صورتحال مزید جاری رہی تو جمہوری سیاسی پارٹیاں اور عوام خالق داد بابر کی موت کے واقعہ کیخلاف طویل احتجاجی تحریک کے بعد اب ایک بار پھر جمہوری احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔ لہٰذا صوبائی حکومت ضلع ہرنائی کے عوام پر مسلط اذیت ناک صورتحال پر اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرکے اپنی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پر فوری عمل درآمد کرے اور عوام اور ان کی تجارت و کاروبار پر جاری بھتہ گیری کا فوری خاتمہ کرے۔


