جعلی ڈگری کیس،پی آئی اے کے 117 ملازمین کے اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے
لاہور (انتخاب نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کرائم سرکل نے دھوکہ دہی، ریکارڈ میں ردو بدل کے الزام میں پی آئی اے 117 ملازمین کے اکاؤنٹس منجمد کردئیے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پی آئی اے کے جعلی ڈگری پر ملازمت کرنے والے 117 ملامین کیخلاف مقدمہ درج کررکھا ہے اور اب جعلی ڈگریاں رکھنے والے ملازمین کے اکاؤنٹس منجمد کرکے 9 کروڑ روپے کی ریکوری کرلی ہے۔ پی آئی اے میں جعلی ڈگریاں والے ملازمین کیخلاف ایف آئی اے نے چالان تیار کرلیا۔ ایف آئی اے پی آئی اے ملازمین کیخلاف تحقیقاتی رپورٹ جلد عدالت میں جمع کرائے گا۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں پر ملازمت حاصل کرنے والوں میں اسسٹنٹ، اور سپروائزر عہدے کے ملازمین شامل ہیں۔ جعلی ڈگریوں پر ملازمت دینے پر ریکروٹمنٹ بورڈ کے اعلی پی آئی اے افسران شامل ہیں۔


