بلوچستان، حادثات و واقعات میں 2 افراد جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 7 زخمی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 7 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں گیس دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ چند روز قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب میں شفیع کالونی میں گھر میں گیس لیک ہونے کے باعث دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص تنویر جھلس کر زخمی ہو گیا تھا جو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئی۔ دریں اثنا سیندک مائنگ میں کام کرنے والا ملازم کھمبے سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سیندک پروجیکٹ مائینگ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والا ملازم دلاور خان کھمبے پر کام کے دوران گر کر جاں بحق ہوگیا چاغی ٹیکوانڈو کے مطابق دلاور خان ایک انٹر نیشنل ٹیکوانڈو کا کھلاڑی تھا جس کی ناگہانی وفات پر سخت افسوس ہوا دلاور خان مختلف نیشنل اور انٹر نیشنل ٹیکوانڈو کے گیمز میں چاغی اور ملک کی نمائندگی کررہے تھے۔ علاوہ ازیں زیارت کراس کے قریب تیز رفتار گاڑی کھائی میں گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز زیارت کراس کے قریب تیز رفتارگاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں گرنے سے اس میں سوار تین افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں خضدار چشمہ مراد وہیر کے قریب روڈ حادثہ، 4 فراد زخمی، زخمیوں میں خواتین و بچے شامل ہیں زخمی افراد سوراب کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں