جیکب آباد، مہنگائی کیخلاف جے یو آئی، ایس یو پی اور پی پی شہید بھٹو کا احتجاج اور ریلیاں
جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد میں مہنگائی کیخلاف جے یو آئی، سندھ ترقی پسند پارٹی اور پی پی شہید بھٹو کی جانب سے الگ الگ احتجاج کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جے یو آئی کی جانب سے مہنگائی اور آٹا مقررہ نرخ پر نہ ملنے کے خلاف احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کی جانب سے جیکب آباد میں مہنگائی اور مقررہ ریٹ پر آٹا نہ ملنے کے خلاف جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند، چاکر خان جکھرانی، کرم اللہ خارانی، خیر بخش جتوئی، شریف اللہ خارانی اور دیگر کی قیادت میں جامعہ مسجد محمدی گاؤں عبدالعزیز خارانی سے جلوس نکالا گیا، مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز تھے جن پر مہنگائی نامنظور، آٹا سرکاری ریٹ پر فراہم کرو، غریب کو جینے دو کے نعرے درج تھے مظاہرین مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مولانا عبیداللہ سندھی چوک پر پہنچے جہاں دھرنا دیا اور نعرے لگائے اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایک تو ملک میں مہنگائی ہے دوسری جانب جیکب آباد میں مصنوعی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اربوں روپے ہڑپ کرکے آٹا مہنگا کیا گیاہے انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پاکر آٹا مقرر ہ سرکاری ریٹ پر فراہم کیا جائے۔ جیکب آباد میں مہنگائی اور آٹے کے بحران کیخلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے احتجاج ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے گلے میں سوکھی روٹیاں اور علامتی پھندا ڈال کر انوکھا احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے مہنگائی اور آٹے کے بحران کے خلاف ایک احتجاجی ریلی ایس ٹی پی ہاؤس سے لیکر پریس کلب تک نکالی گئی، شرکاء نے گلے میں علامتی پھندا اور سوکھی روٹیاں ڈال کر نعرے بازی کی ریلی کی قیادت ضلعی صدر عبدالستار جاگیرانی، عبد النبی مگسی، عمرسولنگی، نظام مستوئی سمیت دیگر نے کی اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مارکیٹوں میں سستا آٹا میسر نہیں مزدور طبقہ مہنگائی سے پریشان ہے اور مارکیٹوں میں 150روپے فی کلو آٹا فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ سندھ حکومت کے احکامات پر سرکاری قائم کردہ سستا آٹا اسٹالز بھی عوام کے لیے بے سود ثابت ہوئے ہیں مہنگائی اور آٹے کے بحران کے خاتمے کیلئے ارباب اختیار نوٹس لیکر عوام کو رلیف یقینی بنائیں۔ جیکب آباد میں پی پی شہید بھٹو کا مہنگائی میں اضافے اور آٹے کی قلت پر ڈی سی ہاؤس کے باہر احتجاج ٹائر جلا کراحتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مہنگائی اور آٹے کے بحران کے خلاف پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی جانب سے ضلع دفتر سے احتجاجی جلوس نکالا گیا، احتجاج میں خواتین اور بچیوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے باہر ٹائر نذر آتش کر کے مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بڑہتی ہوئی مہنگائی آٹے کے بحران کے باعث آٹے کا حصول ناممکن ہو چکا ہے جبکہ حکمرانوں کی سیاسی رساکشی کا خمیازہ بے چاری عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے دن بدن آٹے کی بڑہتی قیمتوں سے لوگ سستا آٹا لینے کیلئے دربدر کبھی اس جگہ تو کبھی اس جگہ پھر رہے ہیں سرکاری سستا آٹا اسٹالز پر بھی غریب لوگوں کو آٹا میسر نہیں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات سمیت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


