پسنی فشریز کی کارروائی، غیر قانونی ماہی گیری میں ملوث 3 کشتیاں ضبط، عملہ گرفتار
گوادر (انتخاب نیوز) پسنی فشریز کی کارروائی، غیر قانونی ماہیگیری میں مصروف تین وائر نیٹ پکڑ کر عملے کو حراست میں لے لیا۔ 12 ناٹیکل کے اندر غیر قانونی فشنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی، غیرقانونی شکار کرنے والوں کیخلاف پسنی فشریز ٹیم کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ بلا تعطل سختی سے جاری رہیں گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز عبدالرزاق بلوچ، ڈی جی فشریز سیف اللہ کھیتران، ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمد اور سیکرٹری فشریز کاظم جتوئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرزاق کی زیر نگرانی انسپکٹر زبیر اقبال کی سربراہی میں پسنی فشریز ٹیم نے کلمت کے ایریا میں غیر قانونی شکار میں مصروف نور کرم، نازو رحمت، اور ماشاللہ نامی تین وائر نیٹ کشتیوں کیخلاف کارروائی کرکے انہیں تحویل میں لے لیا اور ان میں موجود مچھلیوں کو ضبط کرلیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی عبدلرزاق بلوچ نے کہا کہ ڈائریکٹرجنرل فشریز میر سیف اللہ کھتیران، سیکریڑی فشریز کاظم جتوئی کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ شب پسنی فشریز کی پیٹرولنگ ٹیم نے کلمت کے ایریا میں 12 ناٹیکل مائیل کے اندر تین وائر نیٹ کو غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار میں مصروف پایا جس پر فشریز پیٹرولنگ ٹیم نے مذکورہ وائر نیٹ کا تعاقب کیا اور سخت جدوجہد کے بعد غیر قانونی ماہیگیری میں مصروف تین ٹرالر بنام نور کرم، نازو رحمت اور ماشاءاللہ کو عملہ سمیت گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ 12 ناٹیکل کے اندر غیر قانونی فشنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اور غیرقانونی شکار کرنے والوں کیخلاف پسنی فشریز ٹیم کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ بلا تعطل آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ فشریز پسنی غیر قانونی ٹرالر و وائرنیٹ کشتیوں کیخلاف ہمہ وقت تیار ہے اور کسی صورت غیر قانونی وائرنیٹ و ٹرالر کو پسنی کے سمندری حدود میں نہیں چھوڑیں گے۔


