ہمارے بچے ہمارا مستقبل، ان کے حقوق کا تحفظ ہم سب پر لازم ہے، سیمینار

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال اور یونیسف کے زیر اہتمام کوئٹہ میں چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار میں سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں چائلڈ پروٹیکشن پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ آبادی میں تیزی سے اضافہ بہت گھمبیرمسئلہ ہے جسکی وجہ سے غربت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ترقی یافتہ ممالک سے سبق لے کر ہمیں موثر پالیسی ترتیب دینی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن یہ صرف ہماری زمہ داری نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرزکو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ تقریب سے چیئرپرسن این سی آر سی افشاں تحسین نے بلوچستان میں بچوں کی حقوق پرروشی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچوں میں ہراسانی کے واقعات کم کرنے ،کم عمری کی شادیوں کی روک تھام اور بچوں سے متعلق دیگر معاملات کے بارے میں ہمیں حساسیت سے کام لینا چاہیے کیونکہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہے اگر ہم اپنے بچوں کے حقوق کا خیال رکھیں گے تو ہمارا مستقبل بہتر سے بہترین ہوگا۔ انھوں پاکستان میں بچوں کی حقوق سے متعلق پاکستان میں کی جانے والی قانون سازی میں این سی آر سی کی کردار کے بارے میں شرکاء کو معلومات فراہم کی۔ درایں اثناء حکومت بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ،سیکرٹری لیبر طارق قمر، سیکرٹری انفارمیشن حمزہ شفقت،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالدینی، این سی آر سی بلوچستان کے نمائندے ہاشم کاکڑ، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر یونیسیف بشری اجمل، سابق وزیر روشن خورشید بروچہ سابق سیکرٹری سرور جاوید و دیگر اہم شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے سیمینار کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں