کوئٹہ کے نواحی علاقے نیو کاہان کے مکین شدید سردی میں بھی گیس کی سہولت سے محروم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ کے علاقے نیو کاہان کے مکین گیس کی عدم فراہمی اور بندش کی وجہ سے بارش برفباری اور شدید سردی میں مشکلات سے دوچار ہیں، انتظامیہ اور اعلیٰ حکام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کے حل کو یقینی بناتے ہوئے گیس کی فراہمی ممکن بنائیں، کیونکہ سردی میں گیس کی عدم فراہمی سے علاقہ مکینوں کی زندگی عذاب بن گئی اہلیان نیوکاہان ہزارگنجی کوئٹہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں حکام بالا سے پرزور اپیل کی کہ نیوکاہان کوئٹہ میں گیس پریشر فوری طور پر بحال کیا جائے انہوں نے کہا کہ شدید سردی اور برف باری کے باوجود نیوکاہان مری کیمپ کوئٹہ میں گیس کی بندش گیس انتظامیہ کی جانب سے بدنیتی پر مبنی ا قدام ہے نیوکاہان کوئٹہ جوکہ زندگی کی دیگر تمام تر سہولیات سے محروم ہے اکیسویں صدی میں بھی ہمیں صرف اور صرف گیس کی سہولت دی گئی تھی مگر گیس انتظامیہ نے ہمیں اس واحد سہولت سے بھی محروم کررکھا ہے جوکہ گیس انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کے اجتماعی قتل عام کی دانستہ کوشش ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید سردی کی لہر کے دوران ابتک نیوکاہان کوئٹہ کے درجن بھر بوڑھے اور بچے زکام، بخار، نمونیہ، کھانسی اور دیگر جان لیوا امراض کے شکار ہوئے ہیں دو بچے اور ایک بزرگ شخص سردی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ہم نے سوشل میڈیا، احتجاجی مظاہروں سمیت مختلف ذرائع سے اپنی آواز حکام بالا تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر کہیں سے بھی کوئی شنوائی نہیں ہورہی انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ نیوکاہان کوئٹہ میں گیس پریشر فوری طور پر بحال کرکے لوگوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔


