شدید سردی میں بجلی اور گیس نہ ملنے پر عوام سراپا احتجاج ہیں، متعلقہ محکمے ریلیف دیں، ایوان صنعت بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس کی بندش، پریشر کی کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو صارفین کو گیس اور بجلی کی بروقت فراہمی میں ناکامی کی وجہ سے اہالیان کوئٹہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سے بات چیت کرتے ہوئے حاجی آغا گل خلجی نے کہا کہ شدید سرد موسم میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے اہلیان کوئٹہ کی گھریلو اور تجارتی معاملات زندگی بری طرح متاثر کر رکھے ہیں بدقسمتی سے سردی میں صارفین کو گیس اور گرمی میں بجلی دستیاب نہیں ہوتی اب تو ستم بالائے ستم یہ ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید سرد موسم میں عوام کو گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جو قابل تشویش امر ہے بلکہ اسی لئے آج کوئٹہ کی مختلف علاقوں میں لوگ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ نے دونوں کمپنیوں کو صارفین کو بلاتعطل گیس اور بجلی کی فراہمی کے احکامات دے رکھے ہیں مگر کمپنیاں صارفین کو گیس اور بجلی کی فراہمی میں ناکام نظر آتی ہے جو مایوس کن ہے انہوں نے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان اس صورتحال میں کسی صورت بھی خاموش نہیں رہے گی بلکہ ہم صارفین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے فوری خاتمے اور گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں صوبے کی بزنس کمیونٹی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہر فورم پر صدائے حق بلند کرے گی انہوں نے کہا کہ احتجاجا شاہراہوں کی بندش کی وجہ سے بھی عوام مشکلات سے دو چار ہوتے ہیں البتہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہےانہوں نے صوبائی حکام سے اس بابت کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں