منصور بلوچ کے گھر پولیس چھاپہ بغیر تحقیق و شواہد کے مارا گیا، حکومت منفی اقدامات سے گریز کرے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں بی ایس او پجار کوئٹہ زون کے صدر منصور بلوچ کے گھر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا بغیر تحقیق و شواہد کے معزز سیاسی گھرانے کو تنگ و ہراساں کرنا کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں۔ منصور بلوچ تنظیم کا ذمہدار عہدیدار و باعلم نوجوان ہے اور ان کے خاندان کا سماج میں انتہائی معزز مقام ہے۔اس طرع پولیس کی چادر و چار دیواری کی پامالی کرنا سماجی اقدار و روایات کے برخلاف اور قانون کی غلط استعمال کی نشاندھی ہے۔جو مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطے کیا تو معلوم ہوا کہ مقصود نامی شخص کے خلاف ایف آئی آر کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چھاپہ مارا۔نیشنل پارٹی کو پولیس کی ناقص کارکردگی و غفلت پر حیرت ہوا کہ متعلقہ ایف آئی آر میں نامزد ملزم کے والد کا نام اور گھر دونوں نامعلوم ہیں۔اس کے باوجود پولیس کا سیاسی عہدیدار کے گھر چھاپہ مارنا ناروا عمل و قانون کو غلط استعمال کرنے کا منفی اقدام ہے۔جس سے پولیس کی کم استعداد اور کم صلاحیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بی ایس او پجار باشعور و پڑھے لکھے طلباء کی تنظیم ہے۔جو میر غوث بخش بزنجو کے فلسفہ کے مطابق بلوچ طلباء کو جدید تعلیم سے اراہستہ کرنے اور تعلیمی اداروں کو معیاری اور جدید طرز پر استوار کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔بی ایس او پجار کے رہنماء کے ساتھ اس طرع کا منفی عمل کسی بھی صورت ناقابل برداشت ہے۔پولیس اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے اور منفی اقدامات سے گریز کریں۔


