فلاحی مملکت کیلئے تعلیم کا حصول ناگزیر ہے، پڑھے گا تو بلوچستان تو آگے بڑھے گا، قدوس بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کا کردار کلیدی ہے، فلاحی مملکت کی تشکیل کیلئے تعلیم کا حصول ناگزیر ہے، عالمی یوم تعلیم کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم دوست اقدامات کر رہی ہے صوبہ بھر میں نئے اسکول کالجز اور یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز قائم کیے جا رہے ہیں اور صوبے کے جامعات کو گرانٹ ان ایڈ کی مد میں 2.5 ارب روپے کا اجرائکیا گیا ہے جبکہ کے اساتذہ کے ٹائم اسکیل اور اپ گریڈیشن کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن پراجیکٹ کے 1493 کانٹیریکٹ اساتذہ کو مستقلی کے آرڈرز بھی جاری کیے ہیں اور طلبہ اور اساتذہ کو انکے تعلیمی اداروں میں آمدورفت کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں انٹرن اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے اور صوبے میں دو گرلز کیڈٹ کالجز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو ایک پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل کے لئے اجتماعی طور پر اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے اور صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ہمیں یقین کامل ہے کہ پڑھے گا بلوچستان تو آگے بڑھے بلوچستان کیونکہ ترقی کا واحد زینہ تعلیم ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں