کوئٹہ ایونیو میں سیکورٹی گارڈز اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ ، ڈاکو زخمی، پولیس نے گارڈز کو گرفتار کرلیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ ایونیو میں سیکورٹی گارڈز اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ ، ایک ڈاکو زخمی، پولیس نے سیکورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا۔ کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر واقع کوئٹہ ایونیو ہاﺅسنگ اسکیم میں گزشتہ شب ساڑھے تین بجے سیکورٹی گارڈز نے مسلح ڈاکوﺅں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوﺅں نے سیکورٹی گارڈز پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے بعد سیکورٹی گارڈر نے بھی فائرنگ کی جس سے ایک ڈاکو زخمی اور دیگر فرار ہوگئے۔ خروٹ آباد تھانے کی پولیس نے سیکورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے تھانے میں بند کردیا۔ کوئٹہ ایونیو کے رہائشیوں نے پولیس کے اس عمل کا شدید احتجاج کرتے ہوئے گرفتار سیکورٹی گارڈ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ کوئٹہ ایونیو اسکیم میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں، پولیس ان وارداتوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہے جس سے کوئٹہ ایونیو اسکیم کے رہائشی غیر محفوظ جبکہ دوسری جانب اپنی مدد آپ کے تحت سیکورٹی گارڈز نے کئی مرتبہ چوروں کو پکڑا جنہیں بعد میں پولیس چھوڑ دیتی ہے۔ خروٹ آباد تھانے کی پولیس نے ڈاکوﺅں کے بجائے سیکورٹی گارڈز پر مقدمہ درج کرلیا جس سے کوئٹہ ایونیو کے رہائشیوں نے آئی جی پولیس سے درخواست کی ہے کہ فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوﺅں کو گرفتار کیا جائے اور سیکورٹی پر مامور گارڈز کو رہا کرکے جھوٹا مقدمہ ختم کرکے سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں