شمالی اور جنوبی بلوچستان میں بارش، ژالہ باری اور برفباری، شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں بارش،ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے کا عملہ ہیوی مشینری کے ذریعے شاہراہوں سے برف صاف کر کے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے مصروف عمل ہے، کوژک ٹاپ، زیارت موڑ، مسلم باغ، کان مہترزئی، لکپاس زیارت سمیت دیگر شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے، جبکہ کوئٹہ ژوب کوئٹہ چمن، کوئٹہ لورالائی، کوئٹہ زیارت روڈ پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے اور میڈیکل ایمرجنسی ریسکیو سینٹر 24گھنٹے تیار ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایت پر برفباری کے زیر اثر علاقوں میں ہر طرح کی تیاری مکمل اور کنٹرول روم 24گھنٹے فعال رکھے گئے ہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ دنوں وادی کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی اور دیگر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشنگوئی کی گئی تھی، گزشتہ شب سے کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں شروع ہونے والا بارش اور برفباری کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا،صوبے کے دیگر علاقوں جن میں توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کان مہتر زئی،خانوزئی، مسلم باغ، پشین، دشت، مستونگ، چمن سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ اتوار کو جاری رہا، شدید سردی میں خشک میوہ جات، گرم ملبوسات، سبز چائے،یخنی اور سوپ کے اسٹالوں پر رش دیکھنے میں آیا، دوسری جانب ایل پی جی اور سوختنی لکڑی میں اضافے نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں