پشاور خودکش حملہ، صوبے میں ایک روزہ سوگ، قومی پرچم سرنگوں، ہلاکتیں 100 ہوگئیں
پشاور (صباح نیوز) پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہدا کی تعداد 100 ہوگئی۔ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں اب تک 100 لاشیں لائی جاچکی ہیں۔ترجمان کے مطابق بم دھماکے کے 53 زخمی زیرعلاج ہیں، جن میں سے 7 افراد آئی سی یو میں ہیں، تمام زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق مسجد کے ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کےلئے آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ریسکیو 1122 پشاور کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوید اختر کے مطابق حتمی طورپر نہیں کہا جاسکتاکہ آپریشن کب تک مکمل ہوسکے گا۔ پولیس لائن پشاور میں ہونے والے دھماکے کے پیش نظر نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے صوبے میں ایک روزہ سوگ اعلان کیا جس پر منگل کے روز خیبرپختونخوا میں قومی پرچم سرنگوں رہے ۔ پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش حملے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 100 ہوگئی۔ اس سلسلے میں پشاور بھر میں شہداءکے بلند درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جبکہ مساجد میں بھی شہداءکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے خصوصی دعا کی گئی ۔


