بلوچستان سے ریٹائرڈ افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات، چیف سیکرٹری اسمبلی میں طلب

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان سے ریٹائر اور تبادلے ہونے والے افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات تاحال اسمبلی میں پیش نہیں کی جاسکیں، ڈپٹی اسپیکر نے چیف سیکرٹری کو اسمبلی طلب کرلیا ۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بی این پی کے رکن اسمبلی اختر لانگو نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہاکہ 22دسمبر کو ہونیوالے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں انہوں نے ریٹائرڈ اور صوبے سے ٹرانسفر ہونے والے افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کی جانب ایوان کی توجہ مبذول کرائی تھی تاہم ڈیڑھ ماہ ہونے کے باوجود اب تک اس حوالے سے رپورٹ موصول نہیں ہوئی جس سے اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا ہے انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری بلوچستان حکومت کا ملام ہے اور اس ایوان کے اراکین کو جوابدہ ہے تاہم انہوں نے اسپیکر کی رولنگ کو بھی نظر انداز کیا ہے انہوں نے کہاکہ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے کئے گئے سوالات کا جواب تین ماہ گزرنے کے باوجود بھی نہیں آیا انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کے رویے کے خلاف ایوان سے علامتی واک آﺅٹ بھی کیا۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ چیف سیکرٹری کو کئی مراسلے لکھے،انہوں نے جواب نہیں دیا چیف سیکرٹری بلوچستان کو جمعرات کو 12 بجے طلب کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں