پرویز الہی کے گھر پر پولیس کا چھاپہ، ہمارے گھر سے کیا بھارتی جاسوس ڈھونڈ رہے تھے؟ مونس الٰہی

گجرات(انتخاب نیوز) پولیس نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس کی درجنوں گاڑیوں اور سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے رہائش گاہ کا محاصرہ بھی کئے رکھا۔پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے گجرات میں چودھری پرویز الہی کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا تاہم کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق چودھری پرویز الہی اور مونس الہی وہاں موجود نہیں تھے، پولیس کی جانب سے نہیں بتایا گیا کہ پولیس نے چھاپہ کیوں مارا۔واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد پولیس نے چودھری پرویز الہی کے ملازمین کو شراب کی بوتلیں لے جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کروایا گیا تھا۔دوسری جانب پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے کی تصدیق کردی۔سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مونس الٰہی نے لکھا کہ پولیس نے گزشتہ رات گجرات میں ہمارے گھر پر چھاپا مارا۔انہوں نے لکھا کہ نہ کوئی وارنٹ نہ کوئی کیس، پولیس کی 25 گاڑیاں آئی تھیں۔مونس الٰہی نے لکھا کہ پولیس کی 25 گاڑیاں تو سمجھ آتی ہیں پر ساتھ میں 2 کالی گاڑیاں کیا کر رہی تھیں؟انہوں نے اپنے پیغام میں سوال اٹھایا کہ کیا بھارتی جاسوس ڈھونڈ رہے تھے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں