ن لیگ نے شاہد خاقان کے استعفے کی تصدیق کردی

لاہور(انتخاب نیوز)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے ن لیگ کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کردی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان پارٹی کے ورکر اور بہت سینئر رہنما ہیں۔محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں، وہ چند روز قبل اپنا استعفیٰ نواز شریف کو بھی بھجوا چکے۔محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کسی وجہ سے استعفے کا معاملہ منظرِ عام پر نہیں لانا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ شاہد خاقان عباسی کو یہ عہدہ چھوڑنے سے کوئی فرق پڑتا‘۔محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی بہت بڑے لیڈر ہیں اور پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ کو شاہد خاقان کی ضرورت ہے، مریم اورنگزیب نے بھی شاہد خاقان کے استعفے کی تصدیق کردی ہے۔محمد زبیر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل پارٹی میں ہیں، اسحاق ڈار بڑے عہدے پر ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک اور اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا مشکل فیصلہ ہے، روس سے تیل ڈالرز میں خریدنا ہے یا چینی کرنسی میں، ابھی بات چل رہی ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی ایک وجہ ڈالر ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ دوسری وجہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ ہونا ہے، اس وقت حکومت کی ترجیح آئی ایم ایف سے معاہدہ ہے، 9 فروری تک آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے گا۔محمد زبیر نے کہا کہ غیرمقبول فیصلے کرنا پڑیں گے مگر عوام کے لیے ان فیصلوں سے بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سب کو گالیاں دیتے ہیں، اب پاکستان بدل چکا ہے، یہ بدلا پاکستان عمران خان کو پسند نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں