اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل سے متعلق پارلیمنٹ کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتے، سپریم کورٹ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل کے خلاف دائر آئینی درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے خارج کردی۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ باڈیز کی تشکیل سے متعلق تمام تراختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے ، عدالت کسی بھی صورت ایسے آئینی اداروں کو ختم نہیں کرسکتی جن کو پارلیمنٹ کے سپریم ادارے نے بنایا ہو۔ عدالت نے قراردیا کہ ہم مداخلت نہیں کریں گے اوراس میں تمام تراختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے ، پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے جوقانون سازی کرسکتا ہے اورکسی بھی ادارے کی تشکیل کرسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کسی بھی صورت ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی جو پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہوں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دورکنی بینچ نے اسلامی نظریاتی کونسل کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار خواجہ احمد حسین نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اوردیگر کو اپنی درخواست میں فریق بنایا تھا۔ دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے ملکی قوانین کا جائزہ لے کر رپورٹ دی ہے اور کونسل نے ماضی میں قوانین کا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جائزہ لیا ہے اور مستقبل کے قوانین کا جائزہ لینے کے لئے بھی اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی باڈی ہے اورکسی بھی طریقہ سے اس کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے وجود سے کون سے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں؟۔وکیل خواجہ احمد حسین کا کہناتھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی نہ کوئی حیثیت ہے نہ اتھارٹی۔ عدالت نے وکیل خواجہ احمد حسین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قراردے کرخارج کردی۔


