افغان مشرقی صوبہ ننگرہار میں سویڈن کمیٹی کے دو سماجی کارکن لاپتہ

کوہاٹ (انتخاب نیوز) پاک افغان سرحد سے متصل افغان مشرقی صوبہ ننگرہار میں سویڈن کمیٹی کے دو سماجی کارکن لاپتہ ہوگئے جو افغانستان میں دوبارہ بحالی اور تعمیرنو کے شعبہ میں کام کررہے تھے ۔ مقامی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبہ ننگرہار کے ضلع سپین غر میں سویڈن کمیٹی برائے افغانستان کے دو کارکن لاپتہ ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح سے دوبارہ بحالی اور آبادکاری کرنے والی سویڈش کمیٹی کے دو سماجی کارکن ضلع اسپن غرکے آس پاس کے علاقوں سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے لاپتہ افراد کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم مقامی میڈیا کے مطابق دیگر معتبرذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سویڈن کے رہائشی ان غیرملکی امدادی کارکنوں کو مبینہ طور پر افغان انٹیلی جنس ادارے نے سویڈن میں ایک سیاسی کارکن کی جانب سے قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے ردعمل میں گرفتار کرکے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔ ادھرننگرہار میں افغان سیکورٹی حکام نے اس واقعہ کے بارے میں اپنا رد عمل ظاہرنہیں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں