پاکستان بحریہ کی آٹھویں کثیر القومی بحری امن مشق کا آغاز

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان بحریہ کے زیر اہتمام آٹھویں کثیر القومی بحری امن مشق کا آغاز ہوگیا، مشقیں 14فروری تک جاری رہیں گی۔ جمعہ کو کر اچی میں شروع ہونے والی امن مشق 2023 کی افتتاحی تقریب میں کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈ مرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے باقاعدہ آغاز پر فضا میں غبارے بھی چھوڑے گئے۔تقریب کے دوران امن مشق میں شامل 50 ممالک کی پرچم کشائی بھی کی گئی، پاکستان بحریہ کے زیراہتمام 8 ویں کثیر القومی بحری امن مشقوں میں 50 سے زائد ممالک کے نمائندگان بحری اثاثوں ، مبصرین اور سینئر افسران کے ساتھ شریک ہیں۔ترجمان پاکستان بحریہ کے مطابق امن مشق 14 فروری تک کراچی میں جاری رہیں گی، تقریب میں پاکستان بحریہ کے سربراہ محمد امجد خان نیازی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔سربراہ پاکستان بحریہ محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امن مشقوں میں 50 ملکوں کے دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، امن، ہم آہنگی اور استحکام کیلئے آگے بڑھنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، ان مشقوں کا مقصد علاقائی امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان بحریہ عالمی امن اور سلامتی کیلئے ہر اول دستے کا کام کرتی رہی ہے، میری ٹائم سکیورٹی کو غیرروایتی خطرات کا سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلی نے سمندری ماحول پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔تقریب سے خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے کہا کہ ہم آغاز میں ترکیہ اور شام میں ہوئے واقع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں، ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مزید کہا کہ ہم سب سے پہلے سمندروں سے تجارت پر انحصار کرتے ہیں، دوسرا گوادر اور تیسری ہماری جغرافیائی لوکیشن ہے، ہم مشترکا میری ٹائم سیکیورٹی کے پراجیکٹس پر زور دیتے ہیں، امن مشقیں تعلقات بنانے میں مدد کرتی ہیں، فرینڈ شپس، ریلشن شپس بنائے جاتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس بار کی مشقیں بھی سود مند ثابت ہونگی، ہم اپنے مہمانوں کی بہتر انداز میں میزبانی کریں گے۔واضح رہے کہ امن مشق ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہیں، پہلی 2007 میں منعقد ہوئی تھیں، ہرخطے سے بحری فوج کو اکٹھا کرنا پاکستان بحریہ کا بڑا اعزاز ہے۔بحری مشق کا مقصد شامل ممالک کے درمیان ہم آہنگی، امن کا فروغ ہے، امن مشقوں کا مقصد خطے کا بحری استحکام، مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور مثبت تصور کو اجاگر کرنا بھی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں