بلوچستان عوامی پارٹی کا کوئٹہ میں مرکزی دفتر خالی کروالیا گیا، نئے تالے ڈال دیے گئے
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کا مرکزی سیکرٹریٹ خالی کروا کر پارٹی کو بے گھر کردیا گیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کا کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر قائم مرکزی دفتر پارٹی کے رہنماءسینیٹر احمد خان نے خالی کروا لیا، جس کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کا اب صوبے میں کوئی مرکزی دفتر نہیں ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک رہنماءنے بتایا کہ دو ماہ قبل سینیٹر احمد خان کے ایک قریبی رشتے دار اچانک پارٹی کے دفتر آئے اور مرکزی دروازے پر اپنے تالے لگانے کے ساتھ ساتھ وہاں دو چوکیدار بھی تعینات کردئےے جب پارٹی کے رہنماﺅں کے اس بات کی علم ہوا تو معلوم ہونے پر انہیں بتایا گیا کہ سینیٹر احمد خان اور انکے رشتے کے درمیان کسی وجہ سے انہوں نے اس دفتر کو خالی کروالیا ہے ۔پارٹی رہنماءنے بتایا کہ بی اے پی کا مرکزی دفتر 2018میں پارٹی کو سینیٹر احمد خان نے دیا تھا جو اس وقت پارٹی قیادت کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں سینیٹر احمد خان نے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سینیٹ میں بھی آزاد حیثیت برقرار رکھی ہے ۔ پارٹی رہنماءنے یہ بھی بتایا کہ پارٹی دفتر میں موجود فرنیچر اور ریکارڈبھی پارٹی کے حوالے نہیں کیا گیا اور بتایا گیا ہے کہ فرنیچر بھی سینیٹر احمد خان ہی کی ملکیت ہے جبکہ وہ پارٹی سے دفتر فراہم کرنے کا کوئی کرایہ بھی نہیں لیتے تھے ۔اس حوالے سے موقف لینے کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور خان کاکڑ، سینیٹر احمد خان سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم خبر کے جاری ہونے تک انکی جانب سے کسی قسم کا رابطہ یا جواب موصول نہیں ہوا ۔


