پی ٹی آئی دورمیں ترقیاتی سکیموں میں مبینہ کرپشن ،پی ڈبلیو ڈی افسران کیخلاف تحقیقات مزید تیز
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے دورحکومت میںترقیاتی اسکمیوں میں 33ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملہ پر پی ڈبلیو ڈی افسران کے خلاف نیب کی جانب سے تحقیقات مزید تیز کردی گئیں۔ نیب کی جانب سے معاملہ کی انکوائری مکمل کر کے اب تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ قومی احتساب بیورو(نیب)نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے چیئرمین سینیٹر ہلال الرحمان کوخط لکھ دیا۔نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی ڈبلیوڈی کے افسران تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے۔ جبکہ ضلع مہمند، باجوڑاورخیبر سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کے چیف انجینئر انوارالحق ڈوگر کے حوالے سے نیب نے ایف آئی اے کو خط لکھ کر ان کے خلاف جاری انکوائری کے اسٹیٹس کے حوالہ سے بھی پوچھاگیا ہے۔ کرپٹ افسران اور سابق اراکین اسمبلی کے خلاف نیب کی تحقیقات آخری مراحل میںہیں۔


