ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے انتظامات مکمل، بلوچستان میں 35 سینٹر قائم

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے، بیس فروری سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں لوگ ویب سائٹ پر خود اپنا ڈیٹا ڈالیں گے، یکم مارچ سے متعین کیا گیا عملہ گھر گھر جاکر مردم شماری کرے گا۔ یہ بات چیف کمشنر مردم شماری نور احمد پرکانی نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح بیس فروری کو ہوگا، وزیر اعظم میاں شہباز شریف ملکی سطح پر شروع ہو نے والی مردم شماری کا افتتاح کریں گے۔ مردم شماری کے پہلے مرحلے میں لوگ خود ویب سائٹ پر جائیں گے اور اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کریں گے، دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے یکم اپریل تک ہوگا جس میں متعین کردہ عملہ گھر گھر جاکر مردم شماری کریں گے یہ پندرہ پندرہ دن کے دو فیز ہوں گے، مردم شماری میں آبادیاتی خصوسیات، صنف شرح تعلیم، تعلیمی حصول، روزگار، ہجرت، معذوری اور گھر بھی شمار کیے جائیں گے۔ نور احمد پرکانی نے بتایا کہ مردم شماری کیلئے بلوچستان میں 35 سینٹرز بنائے گئے ہیں، جن میں 7167 عملہ اور 995 سپر وائزر مقررکئے گئے ہیں، مردم شماری کیلئے صوبے میں 11857 بلاک اور 855 سرکل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں