کوئٹہ میں ریلوے ملازمین کی ملازمتوں پر مستقلی اور تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے احتجاجی ریلی
کوئٹہ:ریلوے ورکرز یونین کے زیر اہتمام ملازمین نے عارضی ملازمین کی مستقلی اور تنخواہوں کی ادائیگی کےلئے سوموار کو ریلوے اسٹیشن سے ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ ریلوے ورکرز یونین کے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ہمارے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرتے ہوئے گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور گریڈ 1 سے 5کے ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دی جائیں مظاہرین کا کہنا تھا کہ بولان میں ریلوے کا گرنے والا پل تا حال تعمیر نہیں ہوسکا اور کوئٹہ سے ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں کو بند ٹرینوں کو فوری طور پر چلایا جائے تاکہ لوگوں کو سفری سہولیات میسر آسکیں اور ریلوے کی آمدن بھی بڑھ سکے۔ سبی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ ریلوے کی اراضی واگزار کرائی جاسکے۔


