گوادر میں ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، ماہی گیر طبقہ بھی شدید متاثر
گوادر : گوادر بھر میں ایرانی اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی خودساختہ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، مقامی ماہیگیر معاشی مشکلات کا شکار، راتوں رات فی لیٹر ایرانی پیٹرول 150 سے 230 روپے فروخت ہونے لگا ہے، تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ماہیگیری صنعت شدید متاثر، مچلیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگے، مقامی ماہیگیروں کے محنت کی بیشتر کمائی کا رقم پیٹرولیم مصنوعات کی ادائیگی کے بھینٹ چڑھ جاتا ہے۔ گوادر ضلع بھر میں اسمگل شدہ ایرانی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جسکی وجہ سے ماہیگیری صنعت شدید متاثر ہے۔مقامی ماہیگیروں کاکہنا ہے کہ ایرانی پٹرول جو ایران بارڈر سے سستی قیمتوں سے خرید کر اسمگلنگ کے ذریعے ضلع بھر میں ترسیل کی جاتی ہے باوجودکہ ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ مقامی ماہیگیروں کے مطابق سمندر سے پکڑی جانے والی کل جمع شدہ مچھلیوں سے جو رقم انہیں ملتا ہے اس رقم کا بیشتر حصہ پیٹرول و ڈیزل کی ادائیگی میں خرچ ہوتا ہے جس سے دن بدن وہ نان شبینہ کے محتاج ہوتے جارہے ہیں۔


