بحیرہ عرب میں کثیر الملکی بحری امن مشق 2023ءکا اختتام، امن فارمیشن تشکیل دیدی گئی
کراچی (انتخاب نیوز) پاک بحریہ کے زیراہتمام کثیر الملکی بحری مشق امن 2023ءشمالی بحیرہ عرب میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کے ساتھ ختم ہوگئی۔ بحری مشق میں پاک بحریہ اور غیر ملکی بحری جہازوں پر مشتمل ”امن فارمیشن“ بھی تشکیل دی گئی، مشق کے آخری روز وزیراعظم شہباز شریف بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر، وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد حسین، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی موجود تھے۔ مختلف ممالک کے سفرا، ہائی کمشنرز، اعلیٰ فوجی افسران اور دفاعی و نیول اتاشیوں نے بھی فلیٹ ریویو کا مظاہرہ دیکھا۔ مہمان خصوصی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران مختلف بحری آپریشنل مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ فلیٹ ریویو میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور مشق میں شریک غیر ملکی طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ بھی شامل تھا جس کے بعد مشق میں شامل جہازوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔ امن مشق 2023ءکا اختتام حسب روایت بحری جہازوں کی ”امن فارمیشن“ کے ساتھ ہوا جس کا مقصد مشق کے عزم ”امن کے لیے متحد“ کا عملی مظاہرہ کرنا تھا، وزیراعظم پاکستان نے امن 23 کے کامیاب انعقاد اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے مشق میں شرکت کرنے والی علاقائی و بین الاقوامی بحری افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں سے منعقدہ مشق امن 23 کی بدولت خطے کو مزید پرامن اور محفوظ بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ امیر البحر نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو بہتر بنانے میں انفرادی طور پر اور اتحادی بحری افواج کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ نیول چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ کثیرالقومی مشق امن 23 کے ساتھ PIMEC 23 کا کامیاب انعقاد پاکستان کی بحری صلاحیت کو فروغ دینے کے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ نمائش کے دوران 20 مفاہمت کی یادداشتوں، 1 مشترکہ منصوبے اور خام لوہے کی برآمد کیلئے 1 خرید و فروخت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔


