ن لیگ کے 16وفاقی وزراء اوروزرائے مملکت کا تنخواہیں اور مراعات لینے سے انکار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے 16وفاقی وزراء اوروزراء مملکت نے کسی بھی قسم کی تنخواہیں اور مراعات لینے سے انکار کردیا۔ اس بات کااعلان (ن)لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء نے وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ (ن)لیگی وزراء کی جانب سے یہ فیصلہ ملک کو درپیش مشکل معاشی حالات کے پیش نظر قومی جذبے کے تحت کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت رضاکارانہ طور پر کام کریں گے۔ اس وقت (ن)لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء کی تعداد 13اوروزرائے مملکت کی تعداد 3ہے۔ وفاقی وزراء میں سینیٹر محمد اسحاق ڈار، احسن اقبال چوہدری، رانا ثناء اللہ خان، رانا تنویر حسین، خواجہ محمد آصف، خواجہ محمد سعد رفیق،سردار ایازصادق، میاں جاوید لطیف، میاں ریاض حسین پیرزادہ، مریم اورنگزیب ، سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ، مرتضیٰ جاوید عباسی، انجینئر خرم دستگیر خان شامل ہیں جبکہ وزراء مملکت میں ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، عبدالرحمان خان کانجو اور سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 14معاونین خصوصی بھی بغیر تنخواہ اور مراعات کام کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں