کراچی پولیس آفس پر حملہ، امریکہ نے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

واشنگٹن :امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تشدد کسی بھی چیز کا جواب نہیں ہے، اسے رکنا چاہئے، کراچی پولیس آفس پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں ، دہشت گردی کےخلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کی جانب سے جاری بیان میں کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا کراچی پولیس آفس پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تشدد کسی بھی چیز کا جواب نہیں، اسے رکنا چاہیے۔ اس موقع پر نیڈ پرائس نے دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔دوسری جانب کراچی پولیس آفس حملے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں متاثرہ علاقے میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ ہم امریکی شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں، متاثرہ علاقے میں جانے سے گریز کریں، دوستوں اور اہل خانہ کو اپنی حفاظت کے بارے میں مطلع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں