ذاتی مفادات حاصل کرنے والی جماعت کو اپنا نام تبدیل کرلینا چاہیے، مولانا شیرانی
کوئٹہ (آن لائن) جے یو آئی پاکستان کے رہبر مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ سیاست بغرض تجارت میں جماعتی کارکنوں کی حیثیت کاروباری سرمائے کی ہوتی ہے جماعت کے ساتھ ف کا لاحقہ لگا کر اپنے نام پر الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کرانے کا ہدف یہ تھا کہ سرکار میں جماعت اور کارکنوں کو ذاتی ملکیت ثابت کیا جائے لانگ مارچوں کی صورت میں اور بڑے بڑے اجتماعات کی شکل میں عالمی قوتوں کو یہ دکھایا جانا مقصود ہوتاہے کہ کارکن میرا مال ہے اور میں ان کا مالک ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مقامی ہال میں درجنوں علما کرام کی جے یوآئی پاکستان میں شمولیت کے گرینڈ شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ متحدہ ہندوستان کی تقسیم کے بعد مولانا احمد علی لاہوری کی رہنمائی اور مولانا غلام غوث ہزاروی کی رفاقت و معاونت سے مسلمانان پاکستان کیلئے جمعیت علما اسلام پاکستان کے نام سے جماعت منظم کی گئی تھی مگر وقت گزرنے کے ساتھ انسانی کوتاہیوں اور خود غرضیوں کے باعث اس جماعت کے نام کردار اور دینی حیثیت میں سے کسی چیز کو باقی نہیں رہنے دیا گیا اور جماعت محض چند افراد کیلئے بھاری مالی منفعت کے حصول منصب و اقتدار کی خواہش کا ذریعہ بن کر رہ گئی یہاں تک کہ جماعت کی معاونت کیلئے جمع ہونے والے اموال بھی جماعت کے بجائے اپنی ذات کے اوپر خرچ کئے جانے لگے اور جماعت کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے پارلیمان کے ارکان میں ووٹ کے استعمال کے بدلے میں مالی مفادات حاصل کرنے کا رجحان پروان چڑھنے لگا انہوں نے کہا کہ 2015 میں سکھر میں مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس کے سامنے یہ ایجنڈہ رکھا گیا کہ ہمارے اکابر نے جماعت کے دستور کو تقوی کے بنیاد پر تشکیل دیا تھا مگر اب چونکہ ہمارے اندر سے تقوی ختم ہوچکاہے لہذا دستور کو تبدیل کیا جائے اس موقع پر ہم نے گزارش کی کہ جماعت کے دینی شناخت اور علما کرام سے کی جانے والی توقع کا تقاضا یہ ہے کہ دستور کو تبدیل کرنے کے بجائے اپنے کردار کو دوبارہ تقوی پر استوار کرنے کے بارے میں سوچا جائے لیکن اس کے برعکس اگر جماعت کا مرکزی ادارہ بحیثیت مجموعی تقوی سے فارغ ہونے کا فیصلہ کرتاہے تو پھر جماعت کیلئے اسلام اور علما کا نام استعمال کرنے سے اسلام اور علما دونوں کا وقار مجروح ہوگا لہذا جماعت کا اپنی خود غرضی اور کاروباری ذہنیت کے موافق کوئی دوسرا نام رکھ لینا چاہیے لیکن ہمارے دوستوں نے ان گزرشات کو درخور اعتنا نہیں سمجھا شمولیتی اجتماع سے مولانا عبدالخالق ہزاروی حافظ احمد علی مفتی حماد اللہ مدنی پیر طریقت الحاج عبدالمنان نقشبندی ڈاکٹر محمد اسماعیل بلیدی حافظ منصور احمد مینگل حافظ محمد عمیر الغزالی مولانا عتیق الرحمن قاری معاویہ قاسمی مولانا عبدالسلام شامزئی مولانا محمد عابد اور مفتی ریاض جمیل نے بھی خطاب کیا علاوہ ازیں جے یو آئی پاکستان کے جاری کردہ مرکزی اعلامیہ کے مطابق جے یو آئی پاکستان کے رہبر مولانا محمد خان شیرانی نے پیرطریقت مولانا عبدالمنان نقشبندی مولانا محمود الحسینی حافظ احمد علی اور مفتی حماداللہ مدنی صوبہ سندھ سے جے یو آئی پاکستان کے مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان مقرر کئے گئے ہیں جبکہ مولانا عبدالخالق ہزاروی مولانا احمد علی ثانی مولانا محمد عمیر الغزالی اور مولانا عتیق الرحمن ارشد پنجاب سے مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان ہوں گے دونوں صوبوں سے تعلق رکھنے والے مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان باہمی مشاورت سے متعلقہ صوبے اور اضلاع کے سطح پر رابطہ کمیٹیوں کی تشکیل کا اہتمام اور نگرانی بھی کریں گے ۔


