عارف علوی سیاسی جماعت کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی بلوچستان

کوئٹہ (این این آئی) پیپلز پارٹی کے صوبائی ترجمان سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ صدرمملکت کے پاس الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں ہے ،ڈاکٹر عارف علوی صدر مملکت کے بجائے ایک سیا سی جماعت کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہے ہیں جو انکے عہدے کے شایان شان نہیں ہے، صدر مملکت عمران خان کے صدر نہ بنیں ملک کے صدر بنیں، یہ بات انہوں نے صدر مملکت کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخواءمیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے پر رد عمل دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا صدر کا کام نہیں، عارف علوی نے صدر کے دفتر کو مذاق بنا لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے معروضی حالات اس بات کی اجاز ت نہیں دیتے کہ فوری طور پر انتخابات کروائے جائیں لیکن عمران خان بضد ہیں کہ ان کی خواہش کے مطابق الیکشن ہوں اور اسمبلیاں چلیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت صدر مملکت الیکشن کمیشن کی مشاورت کے بعد ہی عام انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں لیکن صدر مملکت نے ایسا نہ کرکے آئین کی پامالی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نامساعد حالات سے گزر رہا ہے ،پاکستان کو اس وقت خراب معاشی حالات کا سامنا ہے اور حکومت ملک کو ان حالات سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،ایسی صورتحال میں ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے لیکن صدر مملکت نے یک طرفہ فیصلہ کر کے ثابت کیا ہے کہ و ہ مملکت نہیں ایک جماعت کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے گورنراورالیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت کی ہے یہ واضح مس کنڈکٹ ہے الیکشن کمیشن کو اس کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں