سکیورٹی فورسز کی ملک بھر میں کارروائیاں، 3 ماہ میں 142 شدت پسند ہلاک
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز کی ملک بھر میں شدت پسندی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں 3 ماہ کے دوران 142 تخریب کار ہلاک ،جبکہ کئی حملے ناکام بنا دیئے گئے۔حالیہ بڑھتی دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی جانب سے کئی آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران نہ صرف تخریب کار اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا بلکہ کئی حملے ناکام بھی بنا دیے گئے ہیں۔مجموعی طور پر ملک بھر میں 6921 آپریشنز کے دوران 142 تخریب کاروں کو ہلاک اور 1007 کو گرفتار کیا گیا۔سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں خیبر پختونخوا میں 1960 آپریشنز، 1516 ایریا ڈومینیشن آپریشنز، 301 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز،143 ایریا سینیٹائزیشن آپریشنز کیے گئے جبکہ 98 تخریب کاروں کو ہلاک اور 540 کو گرفتار کیا گیا۔دوسری جانب بلوچستان میں 3414 آپریشنز،2980 ایریا ڈومینیشن آپریشنز،67انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 367ایریا سینیٹایزیشن آپریشنز کیے گئے جبکہ 40 تخریب کاروں کو ہلاک اور 112کو گرفتار کیا گیا۔دریں اثنا سندھ میں 752ا نٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جبکہ 3تخریب کاروں کو ہلاک اور 344 کو گرفتار کیا گیا۔پنجاب میں 165انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ان آپریشنز کے دوران ایک تخریب کار کو ہلاک جبکہ11کو گرفتار کیا گیا۔ملک بھر میں شدت پسندی کی روک تھام کے لیے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری ہیں۔


